ہفتہ 29 اگست 2026 - 19:53
پونچھ سڑک حادثہ، کشتواڑ میں کمسن بچی کے قتل اور نیپال سیلاب پر آغا حسن کا اظہار افسوس

حوزہ/جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے پونچھ میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں چھ افراد کی جانوں کے ضیاع، کشتواڑ میں ایک کمسن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد اس کے قتل اور نیپال میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آغا سید حسن نے پونچھ کے سڑک حادثے میں چھ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثات میں مسلسل ہونے والا جانی نقصان انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام، سب کے لیے سنجیدہ غور و فکر کا تقاضا کرتا ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

کشتواڑ میں کمسن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور اس کے قتل کے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ معصوم بچوں کے خلاف جنسی تشدد اور قتل جیسے جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے واقعے کے سلسلے میں گرفتاریوں کا نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تحقیقات آزادانہ، منصفانہ اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں، تاکہ حقائق پوری طرح سامنے آئیں اور متاثرہ خاندان کو بروقت انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں جو بھی شخص قصوروار ثابت ہو، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

آغا سید حسن نے نیپال میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں اور سینکڑوں افراد کے لاپتہ ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایسے حساس معاملات میں افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha